لکھنؤ :5/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاہے کہ اترپردیش کی ترقی سے ہی ملک کی ترقی پٹری پر سرپٹ دوڑے گی۔مسٹر سنگھ نے اتوار کو یہاں اٹل کنونشن سینٹر میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں 939کروڑ روپے کی 308ترقیاتی پروجیکٹ کی بنیاد رکھتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس کے علاوہ انہوں نے پرانے لکھنؤ میں چار نئے فلائی اووروں کی تعمیر کی بنیاد رکھی۔ ان فلائی اووروں کی تعمیر سے شہر یوں کو جام کے مسائل سے نجات مل جائے گی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ اترپردیش کی ترقی تیزی سے ہورہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب اترپردیش ملک کی تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست ہوگی۔ لکھنؤ کی ترقی کی جوبنیادسابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی نے رکھی تھی، اسکی بنیاد پر لکھنؤ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کہ لکھنؤ جلد ہی ملک کی سب سے اسمارٹ سٹی میں سے ایک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ کی منظوری ملنے کے بعد لکھنؤ میں معاشی ترقی میں تیزی آئی ہے، سال 14۔2013 تک جہاں فی برس 23 لاکھ مسافروں کاراجدھانی میں واقع ہوائی اڈے سے آمدورفت ہوتا تھا، وہیں 18۔2017 میں یہ تعداد بڑھ کر 47 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔اسے دیکھتے ہوئے ہوائی اڈے کی پسنجر ہینڈلنگ اہلیت کو سالانہ ایک کروڑ کرنے کے لئے نئی انٹیگریٹیڈ ٹرمنل بلڈنگ کا1383 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس مہینے یا اگلے ماہ اس کی بنیادی رکھی جائے گی۔